Time 26 جنوری ، 2024
کھیل

بی پی ایل: شعیب ملک نے فکسنگ کے الزامات مسترد کر دیے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بنگلادیش پریمیئر لیگ( بی پی ایل) میں فکسنگ کے الزامات پر سابق کپتان شعیب ملک کا بیان سامنے آگیا ہے۔

شعیب ملک نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے  فکسنگ کےالزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سے متعلق پھیلائی جانے والی فکسنگ کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فارچون باریشال کے کپتان تمیم اقبال سے اس پر بات کی، مجھے دبئی میں مصروفیت کے باعث بی پی ایل چھوڑنا پڑی، ضرورت پڑنے پر فارچون باریشال کے لیے دستیاب ہوں گا۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے سے پہلے خبر کی تصدیق کرلیں ،جھوٹی خبروں سے انسان کی عزت خراب ہوتی ہے۔

معاملہ کیا ہے؟

گزشتہ دنوں بی پی ایل کے ایک میچ میں شعیب ملک نے بولنگ کے دوران لگاتار تین نو بالز کروائی تھیں جس کے بعد ان سے متعلق میچ فکسنگ کے الزامات سامنے آئے تھے۔

بعد ازاں شعیب ملک 3 روز قبل بی پی ایل کا میچ کھیلنے کے بعد بنگلا دیش سے ٹی ٹین لیگ کھیلنے متحدہ عرب امارات چلے گئے تھے۔

شعیب ملک کی ٹیم فارچون باریشال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شعیب کو اگلے میچ سے پہلے واپس آنا تھا لیکن اب انہوں بتایا ہے کہ وہ 4 فروری کو آئیں گے، ٹیم سمجھتی ہے کہ بہتر ہے شعیب ملک مزید نہ کھیلیں۔

علاوہ ازیں شعیب ملک کے میچ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے سے متعلق خبروں پر بنگلادیش پریمیئر لیگ کی ٹیم فارچون باریشال کے مالک کا بیان بھی سامنے آیا تھا۔

مالک فارچون باریشال میزان الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ شعیب ملک کے خلاف میچ فکسنگ سے متعلق چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، شعیب ملک ایک اچھے کرکٹر ہیں، انہوں نے ہماری ٹیم کے لیے بہترین کھیل پیش کیا ہے۔

مالک فارچون باریشال نے مزید کہا کہ شعیب ملک ایک سینئر کرکٹر ہیں ہمیں ان کی عزت کرنی چاہیے اور وہ عزت کرنے کے لائق ہیں۔

مزید خبریں :