کھیل
Time 28 جنوری ، 2024

ویڈیو: ویسٹ انڈیز کی آسٹریلیا کیخلاف تاریخی فتح، برائن لارا آبدیدہ ہوگئے

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں تاریخی فتح دیکھ کر سابق ویسٹ انڈین کرکٹر  برائن لارا آبدیدہ ہوگئے۔

برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے چوتھے روز کینگروز کو 8 رنز سے ہرایا، ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 289 رنز 9 وکٹوں پر ڈیکلیئر کی تھی۔

دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 193 پر آؤٹ ہوئی۔ آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں یہ میچ جیتنے کے لیے 216 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم ویسٹ انڈین بولرز نے کینگروز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے207 رنز  پر پوری ٹیم کو  آؤٹ کردیا۔

ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو ان ہی کی سرزمین پر 27 سال بعد ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کرلی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمر جوزف نے زخمی انگوٹھے کے ساتھ دوسری اننگز میں 68 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز نے 1997 کے بعد آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر شکست دی۔یہ تاریخی  منظر دیکھ کر کمنٹری باکس میں بیٹھے سابق ویسٹ انڈین لیجنڈ بیٹر برائن لارا کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور وہ خوشی سے نہال ہوگئے۔

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے ویسٹ انڈیز کی جیت پر  سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ کمنٹری باکس میں لارا کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر اس بات کا اندازاہ لگایا جاسکتا ہے ٹیسٹ کرکٹ کی کتنی اہمیت ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو اس کی سر زمین پر ٹیسٹ میچ میں 1997 میں شکست دی تھی اور اس میچ میں برائن لارا نے 132 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔