30 جنوری ، 2024
سابق وزیراعظم نواز شریف نے عمران خان کی سائفر کیس میں سزا پر ردعمل میں کہا ہے کہ اس شخص نے جیسے ہی اقتدار جاتا دیکھا پاکستان پر حملہ کیا اور نتیجہ آج عدالت میں آیا ہے میں سمجھتا ہوں یہ افسوسناک کردار رہا ہے۔
ہارون آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ تبدیلی نے پاکستان کا کیا حشر کیاکہ 25 روپے کی ایک روٹی ملتی ہے، نوازشریف کےدور میں 25 روپے میں پانچ روٹیاں ملتی تھیں، نوازشریف کے دور میں گیس اور بجلی سستی تھی، تبدیلی نے عوام کے ساتھ یہ سلوک کیا ہے.
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے لوڈ شیڈنگ ختم کی، سستی بجلی لے کر آیا، میرے دور میں جس کا بل ایک ہزار آتا تھا، آج 20 ہزار آتا ہے، نوازشریف کے دور میں چینی 35 روپے کلو تھی، آج 150روپے کلو ہے، پیٹرول ہمارے دور میں 60روپے لیٹر تھا، کسان میرے عزیز بھائی ہیں، ان سے پوچھیں نوازشریف کے دورمیں ٹریکٹر کتنے کا تھا؟ 8 لاکھ روپے کا تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ ہمیں تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر وزارت عظمیٰ سےہٹادیاگیا، ایک بار نہیں، مجھے تین تین بار وزارت عظمیٰ سےہٹایاگیا، ہمیں جیلوں میں بھیجا گیا اور تماشہ بنا دیا گیا، ایسے نقصان ہوئے کوئی تلافی نہیں ہوئی، والدہ کو قبر میں نہیں اتار سکا، کلثوم فوت ہوتی ہے جیل میں اطلاع ملتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں غم دکھ سہہ گیا، ظلم سہنے کے باوجودقومی راز فاش نہیں کیا خود پر برداشت کیا لیکن میں نے پاکستان پر زخم نہیں لگنے دیا۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھاکہ اس شخص نے جیسے ہی اقتدار جاتا دیکھا پاکستان پر حملہ کیا اور نتیجہ آج عدالت میں آیا ہے میں سمجھتا ہوں یہ افسوسناک کردار رہا ہے، ایسے گھناؤنی ساز ش کی کہ قومی سلامتی کو بھی داؤ پر لگا دیا، نواز شریف نے کبھی قومی سلامتی کو داؤ پر نہیں لگایا لیکن انہوں نے لگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی نے کہا ہے عمران خان کا دور سب سے کرپٹ ترین دور تھا ، آؤ ثاقب نثار بتاؤ تم نے اس کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیا تھا، ان جج نے دیا تھا جو استعفے دے کر گھر چلے گئے آپ نے کیسے دے دیا؟ یہ آپ نے ظلم کیا، ان کے دور میں کرپشن انڈیکس پھر اوپر چلا گیا۔
خیال رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔