دنیا
23 جنوری ، 2013

شمالی کوریا کا فوجی اور جوہری صلاحیت بڑھانے کا اعلان

شمالی کوریا کا فوجی اور جوہری صلاحیت بڑھانے کا اعلان

پیانگ یانگ…شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی جانب سے مزید پابندیاں عائد کیے جانے بعد اپنی فوجی اور جوہری صلاحیتوں کو بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ شمالی کوریا نے جوہری پروگرام پر مزید مذاکرات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی فوجی اور جوہری صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا اپنی فوجی طاقت میں اضافے کیلئے حقیقی طور پر اقدامات کرے گا۔ وزارت خارجہ نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’امریکا کی شمالی کوریا کی جانب جارحیت پر مبنی اور بدتر پالیسی کی وجہ سے چھ ملکی بات چیت بے نتیجہ رہی اور جزیرہ نما کوریا کو جوہری اسلحے سے پاک کرنے کا مقصد اختتام کو پہنچا‘۔وزارت خارجہ کے مطابق فوجی کی دفاعی صلاحتیوں اور جوہری ڈیٹرنس کو بڑھانے اور اسے مضبوط کرنے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مطابق اقوام متحدہ کی پابندیوں کے تحت شمالی کوریا طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ نہیں کر سکتا اور شمالی کوریا کی جانب سے دسمبر میں تجربہ کرنے پر اس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔شمالی کوریا نے مصنوعی سیارے کو خلاء میں پہنچانے میں استعمال ہونے والے راکٹ کا پہلی بار کامیاب تجربہ کیا تھا۔شمالی کوریا نے کہاہے کہ اس راکٹ کی مدد سے ایک سیارچے کو خلائی مدار میں پہنچا دیا گیا ہے جبکہ مغربی طاقتوں کا خیال ہے کہ شمالی کوریا نے اس کی آڑ میں ممنوعہ میزائل ٹیکنالوجی کا تجربہ کیا ہے۔

مزید خبریں :