24 جنوری ، 2013
کراچی…پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے غیرملکی کمپنی سے طیاروں کے پرزوں کی فراہمی کامعاہدہ ختم کردیا ہے، معاہدہ ختم کرنے کی منظوری پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائرکٹرز نے دی۔ ایئرلائن ذرائع کے مطابق غیرملکی کمپنی بروقت پرزے فراہم نہیں کرسکی، بروقت پرزے نہ ملنے سے پی آئی اے کے 38 میں سے 16 طیا رے گراوٴنڈ کردئیے گئے، اس وقت پی آئی اے کے پاس 22 طیارے قابل پروازہیں۔ پی آئی اے ذرائع کے مطابق سابق ایم ڈی ندیم یوسف زئی اورسابق ڈی ایم ڈی سلیم سیانی نے غیر ملکی کمپنی سے طیاروں کے پرزوں کی فراہمی کا معاہدہ کیاتھا، پی آئی اے بورڈنے معاہدے کے ذمیدارکسی افسرکیخلاف کارروائی کی ہدایت نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو اس کمپنی سے پہلے 400 کمپنیاں پرزے فراہم کرتی تھیں، پرزے فراہم کرنے کاٹھیکہ 400 کمپنیوں سے لیکر ایک کمپنی کودیاگیا، پی آئی اے دبئی کی کمپنی کیساتھ معاہدہ کرنیوالی واحدکمرشل ایئرلائن ہے، دبئی کی کمپنی نے کسی کمرشل ایئرلائنزکیساتھ کبھی کام نہیں کیا۔ ذرائع پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے نے پرزے حاصل کرنے کیلئے 400 کمپنیوں سے دوبارہ رابطہ کیا ہے، تاہم پرزے فراہم کرنی والی 400 کمپنیاں اب پی آئی اے کیساتھ کام کرنے میں سنجیدہ نہیں۔