25 فروری ، 2012
اسلام آباد … شمالی علاقہ جات میں سردی کی لہر برقرار ہے، کالام میں آج بھی درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ کشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش، برف باری کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی اور بعض بالائی علاقوں میں مطلع صاف رہا جس سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم شمالی علاقوں میں سردی ابھی ختم نہیں ہوئی۔ مالم جبہ اور زیارت میں درجہ حرارت منفی 7، گوپس، استور اور پارا چنار میں منفی 6، کوئٹہ منفی 5، گلگت منفی 2 اور مری میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اسلام آباد 2، لاہور 6 ، پشاور 7 اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم اتوار کی شام اور رات سے کوئٹہ، ژوب، مالاکنڈ، ہزارہ اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔