زندگی میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو نرم لہجے میں بات کرنا عادت بنالیں، تحقیق

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو 

کیا آپ سماجی حیثیت کو بہتر یا زندگی کو کامیاب اور اپنے شریک حیات سے تعلق کو طویل المعیاد بنانا چاہتے ہیں؟

تو نرم لہجے میں بات کرنا عادت بنالیں۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ آواز کے ذریعے دیگر افراد سے رابطے اہم ترین انسانی خصوصیت ہے اور ہمارے لہجے کا آہنگ آواز کا سب سے زیادہ قابل توجہ پہلو ہے۔

اس تحقیق میں 22 ممالک سے تعلق رکھنے والے 3173 افراد کو شامل کرکے انہیں آوازوں کی ریکارڈنگز سنائی گئی۔

ان آڈیو کلپس میں مردوں یا خواتین کی آوازوں کی مختلف شدت والی فریکوئنسیز کو استعمال کیا گیا تھا، مگر وہ سب ایک ہی جملے کو بار بار بول رہے تھے۔

اس کے بعد تحقیق میں شامل مردوں کو ایسی مردانہ آوازوں کو منتخب کرنے کا کہا گیا جو ان کے خیال میں قابل احترام، کامیاب یا باصلاحیت افراد کی ہوسکتی تھیں۔

اسی طرح انہیں ہدایت کی گئی کہ کونسی آوازیں سن کر وہ خواتین کو مختصر یا طویل المعیاد رشتے کو منتخب کریں گے۔

تحقیق میں شامل خواتین کے لیے یہ الٹ کر دیا اور قابل احترام یا کامیاب کا انتخاب خواتین کی آوازوں سے کرنے کا کہا گیا جبکہ مختصر یا طویل المعیاد تعلق کے انتخاب کے لیے مردانہ آوازوں کا استعمال کیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ آواز کی فریکوئنسی کی شدت سماجی تصور پر اثر انداز ہوتی ہے۔

نرم لہجے میں بات کرنے والے مردوں یا خواتین کو زیادہ کامیاب، قابل احترام اور کامیاب تصور کیا جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اثر ایسے خطوں میں زیادہ نمایاں ہوتا ہے جہاں پرتشدد واقعات عام ہوتے ہیں اور جہاں اجنبیوں سے رابطہ زیادہ کرنا پڑتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ خواتین اور مرد دونوں ہی نرم لہجے والی آوازوں کو طویل المعیاد رشتے کے لیے زیادہ پرکشش تصور کرتے ہیں۔

محققین کے مطابق نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ لہجے کا آہنگ دنیا بھر کے معاشروں میں لوگوں کے لیے اہم ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل سائیکولوجیکل سائنس میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :