کھیل
Time 14 فروری ، 2024

خواہش تھی ہمارے زیادہ میچ پشاور میں ہوں: ڈائریکٹر کرکٹ پشاور زلمی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پشاور  زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نےکہا ہےکہ ہماری خواہش تھی کہ پی ایس ایل میں ہمارے زیادہ  میچز  پشاور  میں ہوں۔

لاہور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے پشاور  زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم کا کہنا تھا کہ ٹیم کے لیے اچھے سے اچھا اسکواڈ سلیکٹ کرنےکی کوشش کی گئی ہے،  پشاور زلمی کے اسکواڈ  میں سینیئر  اور جونیئر کے ساتھ باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، 8 سالوں میں پلے آف مرحلے تک پہنچے اور 4 فائنل کھیلے، اس سال بھی اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر سال اچھے بولرز  پک کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اس سال بھی اچھے بولرز  پک کیے ہیں، ہمارے پاس غیر ملکی اور  مقامی کھلاڑیوں کا اچھا پول موجود ہے۔

انہوں نےکہا کہ ہمارے ٹاپ آرڈر  بیٹرز کسی بھی پوزیشن پرکھیلنے کے لیے تیار ہیں، اوورسیز کھلاڑیوں کے آنےکے بعد کمبی نیشن فائنل کیا جائےگا۔

ڈائریکٹرکرکٹ پشاور زلمی نےکہا کہ پشاور کے فینز عرصہ دراز سے ہوم گراؤنڈ پر میچز کا انتظارکر رہے ہیں، ہماری خواہش تھی کہ پشاور کے زیادہ میچز وہاں ہوں جہاں ہمارے فینز زیادہ ہیں، اور یہ ہمارا حق بھی ہے، اگر پشاور میں نہیں تو راولپنڈی میں زیادہ میچز ہونے چاہیے تھے۔

بابر اعظم اور محمد حارث سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محمد اکرم کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ٹیم کے کپتان ہیں اور انہوں نے اوپننگ پوزیشن پر ہمیشہ اچھا پرفارم کیا ہے، بابر اعظم جس بھی پوزیشن پر کھیلیں ہمیں اعتراض نہیں ہے مگر وہ اوپننگ کرنا چاہیں گے جب کہ محمد حارث میچور ہوچکے ہیں اور  وہ اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

ٹیم کے دیگر اسکواڈ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ محمد یوسف کو کوچنگ اسٹاف میں شامل کیا گیا ہے جو کہ نوجوان کرکٹرز کے ساتھ بیٹنگ مینٹور کی حیثیت سے کام کریں گے جب کہ کل سے عمر گل کو بھی کیمپ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی اب تک ہونے والے پی ایس ایل میچز میں ایک بار ٹرافی اپنے نام کرچکی ہے۔

مزید خبریں :