15 فروری ، 2024
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ میں الیکشن نتائج سے متعلق نواز شریف کی انتخابی عذرداری کی درخواست مسترد کر دی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے این اے 15 مانسہرہ میں نواز شریف کی عذرداری درخواست کی سماعت کی۔
نواز شریف کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے تاہم ریٹرننگ افسر این اے 15 مانسہرہ نے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی۔
ریٹرننگ افسر نے اپنے جواب میں بتایا کہ حلقے کا نتیجہ فارم 45 کے مطابق مرتب کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر کے جواب کے بعد کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔
نواز شریف کے وکیل تاخیر سے پیش ہوئے اور درخواست مسترد نہ کرنے کی استدعا کی تاہم الیکشن کمیشن نے نواز شریف کے وکیل کو دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔
یاد رہے کہ نواز شریف نے این اے 15 مانسہرہ کا انتخابی نتیجہ چیلنج کرتے ہوئے مخالف امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کی تھی۔
این اے 15 مانسہرہ سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزادہ گستاسپ کامیاب ہوئے تھے۔