پاکستان
24 جنوری ، 2013

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کا بجلی کے نرخ بڑھانے کا مطالبہ

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کا بجلی کے نرخ بڑھانے کا مطالبہ

اسلام آباد … وزارت پانی وبجلی کے ذیلی ادارے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں ایک روپے 36پیسے فی یونٹ اضافے کا مطالبہ کر دیا۔ بجلی کے نرخ میں اضافے کی درخواست کے ای ایس سی کے سوا بجلی کی تقسیم کار تمام کمپنیوں کے صارفین کیلئے کی گئی ہے ۔ نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی طرف سے دسمبر کے مہینے کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواست موصول ہو چکی ہے۔ درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ دسمبر 2012ء میں ڈیزل پر بجلی کا فی یونٹ 21 روپے 56 پیسے جبکہ فرنس آئل پر 15 روپے 78 پیسے میں میں پڑا، دسمبر میں ساڑھے 41 فیصد بجلی فرنس آئل سے پیدا ہوئی جو 2 ارب 67 کروڑ یونٹ رہی، ڈیزل پر 2.66 فیصد بجلی پیدا کی گئی جو 17 کروڑ 15 لاکھ یونٹ رہی۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دسمبر میں بجلی کی پیداوار مجموعی طور پر ایک روپے 36 پیسے فی یونٹ مہنگی پیدا ہوئی ہے، اس لئے اضافی لاگت صارفین کو منتقل کردی جائے۔ نیپرا 29 جنوری کو درخواست کی سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا ۔

مزید خبریں :