دنیا
Time 16 فروری ، 2024

اسرائیل کیخلاف مظاہرہ کرنے پر میساچیوسٹس یونیورسٹی نے طلبا کو معطل کردیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کرنے پر امریکا کی  میساچیوسٹس یونیورسٹی نے طلبا کو معطل کردیا۔

میساچیوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے جنوبی غزہ میں رفح پر اسرائیلی فوج کے زمینی حملے کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبا کے گروہ کو معطل کردیا۔

صدر  جامعہ سیلی کورن بلتھ نے اپنے ویڈیو پیغام میں طلبا کی معطلی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ طلبا نے احتجاج کے لیے یونیورسٹی سے پیشگی اجازت نہیں مانگی۔

جواب میں طلبا گروہ نے بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئےکہا ہےکہ  جامعہ کا یہ فیصلہ فلسطینیوں کے حق میں وکالت پر حملہ ہے، ہمارے 13 طلبا کو انفرادی طور پر مستقل معطلی کی دھمکیاں دی گئیں۔

 انہوں  نے جامعہ کی انتظامیہ کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ جامعہ اپنے غیر منصفانہ فیصلے لاگو کرنا چاہتی ہے، انتظامیہ ہم سے احتجاج کرنے کا حق چھین رہی ہے، ہمارا احتجاج اسرائیل کی فلسطین میں ہونے والی نسل کشی کے خلاف تھا۔

واضح رہےکہ گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہونے والی اس جنگ میں اسرائیلی فوج کی جنوبی غزہ اور رفح میں بمباری سے فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 28 ہزار 500 سے زیادہ ہوگئی ہے۔

اسرائیلی حملوں میں غزہ کی 90 فیصد سے زائد آبادی ہجرت کر کے رفح کے مختلف کیمپوں میں قیام پذیر ہے جہاں لاکھوں فلسطینی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

مزید خبریں :