19 فروری ، 2024
ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب نو منتخب ارکان کے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد آزاد ارکان کی جانب سے مختلف سیاسی پارٹیوں میں شمولیت کا دور شروع ہو چکا ہے اور آزاد ارکان کی جانب سے اپنی پسند کی پارٹیوں میں شامل ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
پنجاب اسمبلی میں حکومت سازی کیلئے اب تک 16 نومنتخب آزاد ایم پی ایز مسلم لیگ ن میں شامل ہوچکے ہیں جن میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 2 آزاد ارکان لودھراں سے شازیہ ترین اور لیہ سے علی اصغر گرمانی بھی ن لیگ میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر آزاد حیثیت سے منتخب ہوکر ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والے ایم پی ایز میں بہاولنگر سے سہیل خان، راجن پور سے خضر حسین مزاری، احمد پور شرقیہ سے شہزاد گزین عباسی، خانیوال سے اکبر حیات ہراج اور اصغر حیات ہراج شامل ہیں۔
ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والے نو منتخب آزاد ارکان میں ننکانہ صاحب سے سلطان باجوہ، ڈی جی خان سے محمود قادری لغاری اور حنیف پتافی، چنیوٹ سے ثاقب خان چدھڑ، ذوالفقارعلی شاہ اور تیمورلالی کے نام بھی شامل ہیں جبکہ سیالکوٹ سے رانا فیاض اور خرم ورک بھی ن لیگ میں شامل ہوچکے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعت استحکام پاکستان پارٹی میں بھی 4 نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے شمولیت اختیار کرلی ہے۔
آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 3 ایم پی ایز ، تونسہ سے حافظ طاہر قیصرانی، راجن پور سے سردار اویس دریشک اور مظفر گڑھ سے زاہد اسماعیل بھٹہ سمیت بھکر سے آزاد ایم پی اے غضنفرعباس چھینہ شامل ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی کے 2 نو منتخب آزاد ارکان اسمبلی نے بھی مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
پی کے 82 پشاور سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ملک طارق اعوان اور پی کے 106 لکی مروت سے ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے گزشتہ روز لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف سے ملاقات کرکے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
اس موقع پر نومنتخب آزاد ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملکی ترقی کیلئے کام کیا ہے، نوازشریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔
ڈاکٹرہشام انعام اللہ کا کہنا تھا کہ وہ صوبے کے جنوبی اضلاع کی تعمیر و ترقی کیلئے مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں اب تک صرف دو آزاد اراکین اسمبلی نے کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے۔