20 فروری ، 2024
اسلام آباد: وفاق میں حکومت سازی پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی بیٹھک آج صبح پھر ہوگی۔
حکومت سازی کے حوالے سےگزشتہ شب دونوں جانب سے حتمی تجاویز کا تبادلہ کیا گیا جب کہ (ن) لیگ کے رہنما اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کابینہ میں پیپلزپارٹی کی شمولیت کے معاملے پر کچھ چیزیں طے شدہ ہیں، دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے، آج صبح دوبارہ نشست ہوگی۔
لیگی رہنما اسحاق ڈار نے کہا کہ کوشش ہے حکومت سازی کیلئے مذاکرات جلد مکمل کرلیں۔
تاہم پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا پی پی نے وزارتیں لینی ہی نہیں صرف (ن) لیگ کی حکومت بنانے میں ساتھ دیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو صدارت کا امیدوار بنائیں گے، جب جماعتیں اتحاد میں ہوتی ہیں تو ایک دوسرے کے خلاف امیدوار نہیں لاتیں، نیا وزیراعظم 2 مارچ تک منتخب کیا جائے گا، تب تک باقی معاملات طے کر رہے ہیں تا کہ پھر بعد میں مسئلہ نہ ہو۔
ادھر ایم کیو ایم پاکستان نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے ساتھ حکومت سازی میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کروادی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سازی کے مشکل مرحلے میں ساتھ ہیں، ہم نے اپنی حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔
علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے ترجمان نےکہا ہےکہ پارٹی نے حکومت میں شامل ہونے کیلئے (ن) لیگ سے تین نکاتی آئینی ترمیم پر حمایت مانگ لی ہے ۔دونوں جماعتوں میں حکومت سازی سے متعلق بات چیت اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا