پاکستان
25 جنوری ، 2013

کراچی: بم دھماکے کے جاں بحق پولیس افسران کی نماز جنازہ ادا

کراچی: بم دھماکے کے جاں بحق پولیس افسران کی نماز جنازہ ادا

کراچی…لانڈھی کے علاقے میں بم دھماکے میں شہید ہونے والے دونوں پولیس افسران کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کواٹر میں ادا کردی گئی ہے،آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ شہید پولیس افسران کے بیٹوں کو بھی سندھ پولیس میں نوکری دی جائے گئی۔ لانڈھی کے علاقے میں ہونے والے دوسرے بم دھماکے کا نشانہ بننے والے 4 افراد میں سے 2 پولیس افسران ہیں، جن میں ڈی ایس پی کمال خان منگن اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر اکبر حسین کی نماز جنازہ پولیس ہیڈ کواٹر گارڈن میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں آئی جی سندھ فیاض لغاری اور ایڈیشنل آئی جی اقبال محمود سمیت تمام اضلاع اور پولیس زونز کے افسران نے شرکت کی۔ شہید ڈی ایس پی کمال خان منگن کی میت کو تدفین کے لئے قمبر لاڑکانہ روانہ کیا گیا ہے، جبکہ شہید اسسٹنٹ سب انسپکٹر اکبر حسین کی میت کو تدفین کے لئے بونیر روانہ کیا گیا ہے۔ پولیس ہیڈ کواٹر گارڈن میں ہونے والی نماز جنازہ میں عزیز واقارب، سیاسی رہنماوٴں، رکن قومی وصوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔ میڈیا سے گفتگو میں آئی جی سندھ فیاض لغاری نے کہا کہ لانڈھی دھماکے میں جاں بحق ہونے والے ڈی ایس پی کمال خان منگن کے دونوں بیٹوں کو پولیس میں نوکری دی جائے گی اور جاں بحق ہونے والے دونوں پولیس افسران کے ورثاء کو سندھ پولیس 20 لاکھ روپے فی کس دے گی، جبکہ زخمی ہونے والے 9 پولیس افسران اور جوانوں کا علاج بھی پی این ایس شفاء اسپتال میں کروایا جائے گا۔

مزید خبریں :