کھیل
Time 20 فروری ، 2024

خواجہ نافع کو فیس بک پر ویڈیو دیکھنے کے بعد سلیکٹ کیا گیا: سرفراز کا انکشاف

خواجہ نافع نے 60 رن کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی 31گیندوں پر مشتمل اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے__فوٹو: ٹوئٹر
خواجہ نافع نے 60 رن کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی 31گیندوں پر مشتمل اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے__فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے گلیڈی ایٹرز کے خواجہ نافع سے متعلق سرفراز احمد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی سلیکشن فیس بک پر ان کی بیٹنگ ویڈیو دیکھ کر کی گئی۔

19 فروری بروز پیر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ ہوا جس میں کوئٹہ نے لاہور کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

لاہور قلندرز نے 188 رنز کا ہدف دیا تھا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا، اس میچ میں خواجہ نافع نے 60  رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی 31گیندوں پر مشتمل اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے بتایا کہ فیس بک پر خواجہ نافع کی ویڈیوز دیکھنے کے بعد انہیں بلوایا گیا تھا، ان کی سلیکشن فیس بک پر دیکھی گئی بیٹنگ کی ویڈیو کے بعد ہوئی۔

سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ نافع نے ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلی ہے، البتہ وہ بی پی ایل (بنگلادیش پریمیئر لیگ) کا حصہ ضرور رہے ہیں جو بڑی کامیابی ہے اور پھر کوئٹہ نے انہیں منتخب کیا، وہ بہت باصلاحیت ہے اور مستقبل کا اسٹار ہے۔

خواجہ نافع کی بیٹنگ کے دوران کمنٹیٹرز بھی ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے، انہوں نے کہا جس انداز میں نافع ضرورت پڑنے پر بڑی ہٹ اور اچھی گیند پر اسٹرائیک روٹیٹ کر رہے ہیں وہ کہیں سے بھی نوجوان کھلاڑی نہیں لگتے۔

مزید خبریں :