25 جنوری ، 2013
اسکردو…اسکردو میں دریائے برالدو میں گرنیوالے مٹی کے تودے کو ہٹانے کا کام اب تک شروع نہیں ہوسکا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے بننے والی مصنوعی جھیل کا پانی چار کلو میٹر تک پھیل گیا ہے۔ اسکردو کے سب ڈویژن شگر کے نواحی علاقے ”ہوتو“ کے مقام پر دریائے برالدو میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات مٹی کا تودہ گرا تھا۔ ساڑھے تین سو فٹ بلند اور 800 فٹ چوڑا مٹی کا تودے گرنے کے باعث دریا کا بہاوٴ رکا ہوا ہے اور اب تک پانی کی سطح 40فٹ سے زائد بلند ہو چکی ہے اور پانی چار کلو میٹر تک پھیل گیا ہے، جس سے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کیلئے جانیوالی سڑک بھی بند ہوگئی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گاوٴں ہوتو میں 500 کینال اراضی اور سیکڑوں درخت تباہ ہوچکے ہیں۔ متاثرہ پہاڑوں میں دھماکوں کی آواز سے مقامی افراد خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔