پاکستان
Time 25 فروری ، 2024

پیپلز پارٹی کے اویس قادر اسپیکر سندھ اسمبلی اور انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر منتخب

سید اویس قادر شاہ اسپیکر سندھ اسمبلی اور انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب، اسکرین گریب
سید اویس قادر شاہ اسپیکر سندھ اسمبلی اور انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب، اسکرین گریب

کراچی: پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر  الیکشن جیتنے  والے  سید اویس قادر  شاہ  اسپیکر سندھ اسمبلی اور  انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر  سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے۔

اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والے 9 آزاد ارکان اور جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے حلف اٹھایا، پیپلز پارٹی کے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج اسمبلی میں حلف اٹھانے والے اراکین کو ویلکم کرتا ہوں، سندھ کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی نے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے پینل آف اجلاس کو نامزد کیا۔

آغا سراج درانی نے شرجیل میمن، سعید غنی، ندا کھوڑو اور علی خورشیدی کو پینل آف اجلاس نامزد کیا۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کا چناؤ خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو ا تاہم سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کیا۔

ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کی گئی اور اسپیکر آغا سراج درانی نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سید اویس قادر شاہ 111 ووٹ لے کر اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں، ایم کیو ایم کی امیدوار صوفیہ سعید شاہ نے 36 ووٹ حاصل کیے۔

بعد ازاں آغا سراج درانی نے سید اویس قادر شاہ نے عہدےکا حلف لیا جس کے بعد انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

اس کے بعد ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوا جس میں  پیپلز پارٹی کے انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے۔

انتھونی نوید 111 ووٹ لےکر ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوئے جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے ایم کیو ایم کے امیدوار راشدخان کو 36 ووٹ ملے۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے 147 اراکین نے حلف اٹھایا تھا جبکہ آج 10 اراکین نے حلف اٹھایا جس کے بعد 168 کے ایوان میں حلف اٹھانے والے اراکین کی تعداد 157 ہو گئی ہے۔ 

مزید خبریں :