25 جنوری ، 2013
کراچی …ملک بھرمیں جمعہ کو جشن عید میلاد النبی مذہبی جوش وجذبے سے منایاگیا۔ آقائے دو جہاں کی آمد کا جشن منانے کے لئے کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور ، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں ریلیاں، جلوس، جلسے اور محافل کا انعقاد کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں آتش بازی کاخوبصورت مظاہرہ کیاگیا۔خوبصورتی سے سجائی گئی گلیوں محلوں سے عاشقان رسول نے جلوس برآمد کیے تو کہیں آب زم زم کی سبیلیں لگاکر آقا کے امتیوں کی پیاس بجھائی گئی۔ چنیوٹ میں نبی کریم کی ولادت مبارکہ پر 63 من وزنی کیک کاٹا گیاتو درو دیوار درود پاک کی صداوٴں سے گونج اٹھے۔ فیصل آباد ،گوجرانوالہ ،چیچہ وطنی، وہاڑی، لیہ ، لودھراں،خانیوال، جھنگ،کھاریاں ، مظفر گڑھ ،گجرات، منڈی بہاوٴالدین، بہاول پوراور بہاول نگر سمیت پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے گئے۔ حیدرآباد میں عید میلاد النبی کا جلوس اسٹیشن روڈ سے ہوتا ہوا اپنی منزل پرپہنچ کراختتام پذیرہوا۔ سکھر،خیرپور،نواب شاہ ،میرپورخاص،بدین ،ٹنڈومحمد خان،ٹنڈوالہ یار،جامشورو، گھوٹکی، ڈہرکی، ٹھٹھہ،سانگھڑ اور دادوسمیت سندھ کے تمام علاقوں میں دن بھر عاشقان رسول نے ریلیاں نکالیں۔نصیرآباد، جعفرآباد،ڈیرہ مرادجمالی، سبی،بولان، جھل مگسی ،حب اور خضدار سمیت بلوچستان کے مختلف مقامات پر بھی عاشقان رسول نے روح پرور اجتماعات منعقد کیے۔مری ،گلگت بلتستان اورآزادکشمیرکے شہروں میں بھی نعتیہ اورمیلادکی محافل کاانعقادکیاگیااور ریلیاں نکالی گئیں۔کوہاٹ، نوشہرہ اور خیبر پختونخوا کے تمام شہروں میں بھی عیدمیلادالنبیکے جلوس نکالے گئے۔