26 جنوری ، 2013
فیصل آباد… فیصل آباد میں سابق منگیتر سمیت تین بہنوں کے اغوا کے شبہ میں مبینہ طور پر 24 سالہ نوجوان کو اغوا کے بعد اسکی زبان کاٹ دی گئی، زخمی نوجوان کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق غلام محمد آباد کا رہائشی محمد آصف دو روز قبل گھر سے لاپتہ ہوا اور آج نامعلوم افراد نے اسکی زبان کاٹ کر اسے ائیر پورٹ جھنگ روڈ پر چھوڑ دیا، اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے زخمی نوجوان کو طبی امداد کیلئے الائیڈ اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال میں متاثرہ نوجوان کی بہن نے الزام لگایا کہ نامعلوم افراد نے مبینہ طورپر اسکے بھائی کو اغوا کر کے اسکی رہائی کیلئے 5 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا اور تاوان نہ ملنے پر اسکی زبان کاٹ کر سڑک پر پھینک دیا، جبکہ سٹی پولیس کے ترجمان کے مطابق نوجوان نے اپنی سابقہ منگیتر سمیت ذوالفقار نامی شخص کی تین بیٹیوں کو اغوا کیا تھا اور انتقامی طور پر نوجوان کی زبان کاٹنے کے شبہ میں ذوالفقار اور اسکے بیٹے وسیم کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔