26 جنوری ، 2013
ممبئی… بھارتی اداکار شاہ رخ خان پر اپنے ملک کی زمین ہی تنگ کر دی گئی، ان سے وفاداری کو آج تک شک کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ بالی ووڈ کا بادشاہ اپنی سلطنت میں ہی بے گانہ ہو گیا۔ دنیا بھر میں اپنے ملک کا نام اونچا کرنے والااپنوں کی خود غرضی کا شکار ہو گیا اور بے قابو ہو کر اپنے اوپر مظالم کی داستان لکھ دی۔ ان کا کہنا ہے کہ میں کبھی کبھار بھارت کی سیاسی جماعتوں کی تنقید کا نشانہ بن جاتا ہوں اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے بھارت میں مسلمان ہونا کوئی جرم ہے، باوجود اس کے کہ میرے والد نے بھارت کی آزادی کی جنگ میں حصہ لیا ، میری زندگی میں ایسے بھی مواقع آئے ہیں جب میری وفاداری میرے ملک کے بجائے پڑوسی ملک کے ساتھ لگائی جاتی ہے۔ میرے خلاف ریلیاں نکالی جاتی ہیں جس میں ہندو لیڈرز مجھے میرے جائے پیدائش میں لوٹنے کا کہتے ہیں۔ اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہو کر وہ کہتے ہیں کہ میں نے اپنے بچوں کے نام بھی ایسے رکھے ہیں (آریان اور سوہانا) جو کہ عام لوگوں کے لیے قابل قبول ہوں۔ اپنے اوپر اسی مظالم سے زچ ہو کر ہی میں نے مائی نیم اِز خان فلم بنائی تاکہ میرے مذہب کو میری حب الوطنی سے جوڑا نہ جائے اور اتفاق سے اسی فلم کی مشہوری کے لیے مجھے ایئرپورٹ پر پوچھ گچھ کے لیے روکا گیا۔