میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے ایک دلچسپ مشغلہ اپنا لیا

مارک زکربرگ / اے ایف پی فوٹو
مارک زکربرگ / اے ایف پی فوٹو

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ مارشل آرٹس کے دیوانے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ایک نیا عجیب مشغلہ اپنا لیا ہے۔

مارک زکربرگ نے انسٹا گرام پر چند تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ جاپان کی روایتی تلوار بناتے ہوئے نظرآ رہے ہیں۔

انہوں نے یہ تلوار جاپانی ماہر Akihira Kokaji کی رہنمائی میں تیار کی۔

انسٹا گرام ویڈیوز میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ مارک زکربرگ کس طرح تلوار تیار کر رہے ہیں۔

مارک زکربرگ کئی برس سے جو جسٹو کی تربیت بھی حاصل کر رہے ہیں اور کئی مقابلوں میں شریک بھی ہو چکے ہیں۔

نومبر 2023 میں مارشل آرٹ ٹریننگ کے دوران انہیں گھٹنے کی انجری کا سامنا ہوا اور سرجری کرانا پڑی۔

اس موقع پر ایک پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ میں آئندہ سال کے شروع میں ہونے والی ایک ایم ایم اے فائٹ کے لیے تربیت کر رہا ہوں، مگر انجری کے باعث یہ مقابلہ کچھ تاخیر کا شکار ہو جائے گا'۔

مئی 2023 میں مارک زکربرگ نے اپنے پہلے جو جسٹو ٹورنامنٹ میں ایک گولڈ اور سلور میڈل جیتا تھا۔

ٹیسلا اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے بھی کچھ عرصے قبل مارک زکربرگ کو کیج فائٹ کا چیلنج دیا تھا جس کو میٹا کے چیف ایگزیکٹو نے قبول بھی کیا۔

مگر بعد میں انہوں نے کہا کہ ایلون مسک اس مقابلے کے لیے سنجیدہ نہیں اور اب وہ اس کا خیال ترک کر چکے ہیں۔

مارک زکربرگ اس وقت اپنے خاندان کے ساتھ ایشیائی ممالک کا دورہ کر رہے ہیں۔

26 اور 27 فروری کو وہ جاپانی دارالحکومت میں فیس بک ڈویلپرز سے ملاقات کریں گے۔

جاپان کے بعد وہ جنوبی کوریا اور بھارت بھی جائیں گے جہاں وہ کاروباری اور حکومتی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

مزید خبریں :