ایسا انوکھا اسمارٹ فون جسے کلائی پر لپیٹنا ممکن ہے

یہ وہ فون ہے / فوٹو بشکریہ فون ایرینا
یہ وہ فون ہے / فوٹو بشکریہ فون ایرینا

بہت جلد آپ کو اپنا اسمارٹ فون جیب میں رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ اسے کلائی پر لپیٹ کر استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

ایک چینی کمپنی کی جانب سے ایسا کانسیپٹ بینڈ ایبل اسمارٹ فون تیار کیا گیا ہے جسے کلائی پر لپیٹا جا سکتا ہے۔

اسپین کے شہر بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر اس فون کو پیش کیا گیا۔

جیسا اوپر درج کیا جا چکا ہے کہ یہ ایک کانسیپٹ فون ہے مگر اس سے اسمارٹ فون ڈسپلے کی ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیشرفت کا عندیہ ضرور ملتا ہے۔

کمپنی کے مطابق جب فون کلائی کے گرد لپیٹا جاتا ہے تو ڈسپلے کی جانب سے تمام تر تفصیلات اسکرین کے اوپری حصے میں دکھائی جاتی ہیں۔

اسے موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر پیش کیا گیا / فوٹو بشکریہ فون ایرینا
اسے موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر پیش کیا گیا / فوٹو بشکریہ فون ایرینا

کمپنی نے بتایا کہ فون کو موڑے جانے پر ڈیوائس کا ڈسپلے خود کو اس کے مطابق ایڈجسٹ کرلیتا ہے۔

درحقیقت کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ فون کچھ اسی طرح کام کرتا ہے جیسے انسانی ریڑھ کی ہڈی کام کرتی ہے۔

یہ بنیادی طور پر اسمارٹ واچ اور اسمارٹ فون کا امتزاج محسوس ہوتا ہے جو کلائی کے گرد ایک بینڈ کے ذریعے باندھا جاتا ہے۔

اسے ایک چینی کمپنی نے تیار کیا ہے / فوٹو بشکریہ فون ایرینا
اسے ایک چینی کمپنی نے تیار کیا ہے / فوٹو بشکریہ فون ایرینا

فون کے بیک کو نرم رکھا گیا ہے تاکہ اسے کلائی کے گرد لپیٹنے سے تکلیف محسوس نہ ہو۔

فون کے بیک پر موجود پینل میں متعدد چھوٹی بیٹریاں چھپی ہوئی ہیں اور ان کے ذریعے ہی ڈیوائس کو کسی چین کی طرح موڑنا ممکن ہوتا ہے۔

یہ فون عام صارفین کو دستیاب نہیں ہوگا / فوٹو بشکریہ فون ایرینا
یہ فون عام صارفین کو دستیاب نہیں ہوگا / فوٹو بشکریہ فون ایرینا

کمپنی کی جانب سے فون کے دیگر فیچرز پر روشنی نہیں ڈالی گئی مگر یہ ضرور واضح کیا گیا کہ اسے فروخت کے لیے پیش نہیں کیا جا رہا۔

مزید خبریں :