26 جنوری ، 2013
ڈیرہ بگٹی …ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد کی امن فورس کے کیمپ پر فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار جاں بحق ہوگئے، حملہ آور بعد میں سات اہلکاروں کو اغواء بھی کرکے لے گئے۔لیویز ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے دلبر مٹ میں نامعلوم مسلح افراد نے امن فورس کے کیمپ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین اہلکار جاں بحق ہوگئے،بعد میں حملہ آور کیمپ سے باقی بچ جانے والے سات اہلکاروں کو اغواء کرکے ہمراہ لے گئے، مقامی انتظامیہ اور لیویز فورس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں اور اغواء کئے گئے امن فورس کے اہلکاروں کی تلاش شروع کردی ہے ۔جبکہ ڈیرہ بگٹی ہی کے علاقے تلی مٹ میں پیش آنے والے ایک دوسرے واقعہ میں موٹرسائیکل سڑک کنارے نصب کی گئی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں اس پر سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا،زخمی شخص کو قریبی اسپتال منتقل کردیاگیا،واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔