کھیل
Time 01 مارچ ، 2024

پی ایس ایل کے ویمن ٹیموں کے نمائشی میچز نہ ہونے کا افسوس ہے: بسمہ معروف

غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ڈریسنگ روم شئیر کرنے سے بھی فائدہ ہوتاہے : پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف کی گفتگو/فوٹوفائل
 غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ڈریسنگ روم شئیر کرنے سے بھی فائدہ ہوتاہے : پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف کی گفتگو/فوٹوفائل

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نمائشی میچز نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کردیا۔

بسمہ معروف نے ان خیالات کا اظہار اپنے تعلیمی ادارے کنئیرڈ کالج کے سالانہ اسپورٹس ڈے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ بسمعہ معروف کے ہمراہ اسپورٹس ڈے میں ان کی بیٹی بھی تھیں۔

ان کا کہناتھا کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران ویمن ٹیموں کے نمائشی میچز نہ ہونے کا افسوس ہے، ویمن کرکٹرز کے لیے پی ایس ایل کی طرز پر لیگ کا ہونا بہت ضروری ہے، گزشتہ سال پی ایس ایل کے دوران ہمارے نمائشی میچز ہوئے تھےجس میں  غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ رواں سیزن میں ہمارے نمائشی میچز کرانے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے پی ایس ایل کے دوران ہمارے نمائشی میچز نہیں ہو ئے۔

بسمہ معروف کا کہنا تھاکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ڈریسنگ روم شیئر کرنے سے بھی فائدہ ہوتاہے، اسکلز بہتر ہوتی ہیں  یہی وجہ ہے کہ اس کے بعد ہمارے نتائج اور پرفارمنس میں بہتری آئی تھی۔

سابق کپتان نے کہا کہ آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز بڑی اہمیت کی حامل ہے،کوشش ہو گی کہ نیوزی لینڈ کے ٹور میں جو مومینٹم بنا ہوا تھا اس کے مطابق کھیلیں۔

پی ایس ایل  9 کیلئے کسی ایک ٹیم کو سپورٹ کرنے کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ تمام ٹیمیں ہماری اپنی ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کی برانڈ ایمبیسیڈر ہوں اس لیے اسے سپورٹ کر رہی ہوں۔

مزید خبریں :