پاکستان
26 جنوری ، 2013

طالبان تشدد کا راستہ ترک کردیں، اے این پی کی مذاکرات کی پیشکش

طالبان تشدد کا راستہ ترک کردیں، اے این پی کی مذاکرات کی پیشکش

پشاور … عوامی نیشنل پارٹی نے طالبان کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر طالبان تشدد کا راستہ ترک کردیں تو انہیں اپنے بچوں کا خون معاف کرنے کو تیار ہیں۔ خیبر پختونخوا کے سابق سینئر وزیر بشیر احمد بلور کے چہلم کی تقریب نشتر ہال پشاور میں ہوئی۔ تقریب سے خطاب میں وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخارحسین نے بشیر بلور کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کیلئے اے این پی کے سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں، جو جماعتیں اس میں شرکت سے گریزاں ہیں انکو بھی قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے طالبان سے بھی خود مختار مذاکراتی ٹیم کی تشکیل کا مطالبہ کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے کہا کہ طالبان تشدد کا راستہ چھوڑ کر مذاکرات کی میز پر آئیں اور اگر وہ مزید خون نہ بہانے کی ضمانت دیں تو ان کو اپنے بچوں کا خون معاف کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ جید علمائے کرام نے آئین پاکستان پر دستخط کئے مگر اس کے باوجود طالبان آئین پاکستان کو نہیں مانتے، جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ اے این پی کے صوبائی صدر افراسیاب خٹک کاکہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں جمہوریت کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنادیا گیا ہے اورکسی صورت جمہوریت کو پٹری سے اترنے نے نہیں دیا جائے گا اور انتخابات میں خلل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :