کھیل
Time 03 مارچ ، 2024

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان، کیویز سکیورٹی وفد پاکستان پہنچ گیا

5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی، پہلا میچ 18 اپریل کو ہو گا— فوٹو: فائل
5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی، پہلا میچ 18 اپریل کو ہو گا— فوٹو: فائل

پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورے سے قبل سکیورٹی اور انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کیویز بورڈ کا دو رکنی سیکورٹی وفد پاکستان پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق وفد میں نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے ہیتھ ملز اور آزاد سکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کا وفد پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں انتظامات کا جائزہ لے گا جس کے بعد وفد ٹیم کے ہوٹل اور پنڈی اسٹیڈیم بھی جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے نیوزی لینڈ کے وفد کو اعلیٰ سطحی بریفنگ بھی دی جائے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ دوسرے مرحلے میں کیویز وفد لاہور میں انتظامات کا جائزہ لے گا اور ٹیم ہوٹل سمیت اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق دورے سے قبل سیکورٹی وفد کا انتظامات کا جائزہ لینا معمول کی بات ہے، مجوزہ شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اپریل میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، 28 اپریل تک جاری رہنے والے دورے میں پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 اپریل کو ہو گا۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں تین میچز راولپنڈی اور دوسرے مرحلے میں دو میچز لاہور میں تجویز کئے گئے ہیں۔

مزید خبریں :