26 جنوری ، 2013
اسلام آباد…وفاقی وزارت پانی و بجلی نے انکشاف کیا ہے کہ حکومتی اداروں اور نجی صارفین نے 61 ارب 6 کروڑ روپے کے بجلی کے بل جمع نہیں کرائے جبکہ پاکستان جلد ہی پانی کی شدید قلت والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔ دیکھتے ہیں یہ رپورٹ وفاقی وزیر پانی و بجلی کی طرف سے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جوابات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بجلی تقسیم کرنے والی مختلف کمپنیز نے نجی صارفین سے مجموعی طور پر 3 ارب 91 کروڑ 14 لاکھ روپے وصول کرنے ہیں جبکہ حکومتی ادارے57 ارب 15 کروڑ 26 لاکھ روپے کے نا دہندہ ہیں۔حیسکو نے سرکاری اداروں سے 16 ارب 42 کروڑ 93 لاکھ روپے، آئیسکو نے 12 ارب ، 90 کروڑ 17 لاکھ جب کہ سیپکو نے سرکاری اداروں سے 14 ارب ، 25 کروڑ 20 لاکھ روپے وصول کرنے ہیں۔ سرکاری اداے پیپکو کے 4 ارب 98 کروڑ 69 لاکھ ، لیسکو کے 3 ارب 19 کروڑ 50 لاکھ جب کہ کیسکو کے 2 ارب 58 کروڑ 53 لاکھ کے نا دہندہ ہیں۔ وزارت پانی و بجلی نے یہ بھی اعتراف کیا کہ گزشتہ پانچ سال میں بجلی کی ترسیل اورتقسیم کے نقصانات میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ وزارت پانی و بجلی نے ایوان کو یہ بھی بتایا ہے کہ پاکستان میں فی کس دستیاب پانی کی شرح میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے جو سالانہ 1 ہزار مکعب فٹ تک ہو چکی ہے،قیام پاکستان کے وقت سالانہ فی کس دستیاب پانی 5 ہزار 260 مکعب فٹ تھا۔