26 جنوری ، 2013
لاہور … پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز نے محکمانہ کارروائیوں سے بچنے کیلئے معافی نامہ لکھ کر دینے کی حکومتی پیشکش مسترد کر دی اور اعلان کیا کہ پْر امن احتجاج جاری رکھیں گے، حکومت معافی نامے لکھوانے کی بجائے معاہدے پر عمل درآمد کرے۔ والدین کوساتھ لائیں گے ، نہ معافی مانگیں گے، یہ کہنا ہے ہڑتالی ڈاکٹروں کا، جنہیں حکومت کی جانب سے مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیع نے پیشکش کی تھی کہ وہ والدین کو لائیں، معافی نامہ لکھ کردیں کہ آئندہ ہڑتال کریں گے نہ کسی سینئر پر ہاتھ اٹھائیں گے، تو تبادلوں، معطلیوں کا سلسلہ نہ صرف روک دیا جائیگا، بلکہ پہلے سے کی گئی برطرفیوں کے نوٹیفکیشن بھی واپس لے لئے جائیں گے۔ینگ ڈاکٹرز نے احتجاجی مظاہرے بند کر دیئے۔ حکومت نے بھی مزید تبادلوں اور معطلیوں کا سلسلہ روک دیا۔ تاہم ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ وہ مطالبات کی منظوری تک آوٴٹ ڈور میں کام کریں گے نہ معافی مانگیں گے۔