Time 04 مارچ ، 2024
پاکستان

شیر افضل نے وزیراعظم کی میثاق مفاہمت کی پیشکش کومشروط طور پر خوش آئند قرار دیدیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے وزیراعظم کی میثاق مفاہمت کی پیشکش کو خوش آمدید کہتے ہوئے اسے دھاندلی کے تنازعے کے تصفیے سے مشروط کر دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صاحب نے اگر دل سے مفاہمت کی بات کی ہے اور وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مفاہمت چاہتے ہیں تو یہ خوش آئند ہے۔

 وزیر اعظم کی پیش کش پر اپنی شرط عائد کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کو اپنے میثاق مفاہمت میں انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کو بھی مفاہمت کا حصہ بنانا ہوگا۔

واضح رہے کہ نو منتخب وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا تھا کہ مل کر فیصلہ کرلیں کہ پاکستان کی تاریخ بدلنی ہے، ہم ہمالیہ نما چیلنجز کو عبور کریں گے۔

وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی پر نواز شریف کی تختیاں لگی ہیں، ان کی حکومت کا تین بار تختہ الٹا گیا، مقدمے بنائے گئے اور جلا وطنی پر مجبور کیا گیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نہ نواز شریف، نہ آصف زرداری، نہ بلاول بھٹو نے پاکستان کے مفاد کے خلاف بات کی اور نہ ہی اس طرح سوچا، جب بےنظیر بھٹو شہید ہوئیں تو آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کہا، ہم نے صبر و تحمل سے کام لیا کبھی بدلے کی سیاست کا نہیں سوچا۔

مزید خبریں :