دنیا
Time 04 مارچ ، 2024

کیریبین ملک ہیٹی میں مرکزی جیل پر حملہ، مسلح افرادنے 4 ہزار قیدی چھڑوا لیے

جیل سے بھاگنے والے ملزمان میں جرائم پیشہ گروہ کے ایسے ارکان بھی شامل ہیں جو کہ 2021 میں صدر جوونیل مویس کے قتل کے الزام میں جیل کاٹ کر رہے تھے: غیر ملکی میڈیا— فوٹو: انٹرنیٹ
جیل سے بھاگنے والے ملزمان میں جرائم پیشہ گروہ کے ایسے ارکان بھی شامل ہیں جو کہ 2021 میں صدر جوونیل مویس کے قتل کے الزام میں جیل کاٹ کر رہے تھے: غیر ملکی میڈیا— فوٹو: انٹرنیٹ

کیریبین جزائر کے ملک ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس میں موجود جیل پر جرائم پیشہ گروہ کے مسلح افراد نے حملہ کرکے 4 ہزار سے زائد قیدیوں کو چھڑوا لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیل سے بھاگنے والے ملزمان میں جرائم پیشہ گروہ کے ایسے ارکان بھی شامل ہیں جو کہ 2021 میں صدر جوونیل مویس کے قتل کے الزام میں جیل کاٹ کر رہے تھے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ تشدد میں اضافہ جمعرات کو اس وقت شروع ہوا، جب وزیراعظم ایریل ہنری نے کینیا کی زیر قیادت ملٹی نیشنل سکیورٹی فورس کو ہیٹی بھیجنے پر بات چیت کیلئے نیروبی کا سفر کیا۔

وزیراعظم کے کینیا کے دورے پر ’پورٹ او پرنس‘ کے گینگ لیڈر جمی چیریزیر نے انہیں عہدے سے ہٹانے کیلئے ایک مربوط حملے کا اعلان کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق جیل پر حملے کے دوران فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہوئے ہیں، ہیٹی میں فرانسیسی سفارت خانے نے شہریوں کو دارالحکومت اور اس کے آس پاس سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ہیٹی پولیس نے اپنے تمام افسران سے درخواست کی ہے کہ وہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے مدد فراہم کریں، اگر حملہ آور کامیاب ہوگئے تو شہر میں مزید ڈاکو بڑھ جائیں گے جس سے سب کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں :