جرائم
Time 06 مارچ ، 2024

کراچی میں ڈکیتی میں مزاحمت پر 5 بچوں کا باپ قتل

فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرارہوگیا، مقتول پیشے کے اعتبار سے کارپینٹر تھا اور بلوچ کالونی فلائی اوور کے قریب اس کی دکان تھی— فوٹو: فائل
فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرارہوگیا، مقتول پیشے کے اعتبار سے کارپینٹر تھا اور بلوچ کالونی فلائی اوور کے قریب اس کی دکان تھی— فوٹو: فائل

کراچی میں کارساز روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا۔ 

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ عرفان بہادر کے مطابق کارساز روڈ پر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان ایک شہری سے لوٹ مار کررہے تھے، اس دوران شہری نے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔

سینے پر گولی لگنے سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسی دوران گشت پر مامور پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے جنھیں دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کردی اور اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ شہری اور ملزم دونوں کو شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا لیکن شہری نہیں بچ سکا جبکہ ملزم اسپتال میں زیر علاج ہے۔

مرنے والے شہری کی شناخت نذیر سلطان کے نام سے کی گئی جوکہ تیسر ٹاؤن کا رہائشی اور پانچ بچوں کا باپ تھا۔ پیشے کے اعتبار سے وہ کارپینٹر تھا اور بلوچ کالونی فلائی اوور کے قریب اس کی دکان تھی۔

دوسری جانب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا مقدمہ بہادرآباد تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

تھانہ بہادر میں درج مقدمے میں قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلہ اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق جاں بحق شہری نذیر سلطان کی میت ورثا آبائی علاقے جھنگ لے گئے، نذیر کی تدفین آبائی علاقے میں کی جائے گی۔

واقعے میں زخمی حالت میں گرفتار ملزم علی شیر سے تحقیقات کی جارہی ہیں، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز  بھی کراچی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر ہونہار طالبعلم کو قتل کردیا تھا۔

مزید خبریں :