26 فروری ، 2012
کراچی…اورنگی ٹاوٴن سے اغواکی گئی5برس کی بچی کی لاش برآمدکراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن سے چھ روز قبل اغوا ہونے والی پانچ سال کی بچی کی لاش ملی ہے۔ایم ایل او عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر یاسمین قمر نے بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کردی ہے۔پولیس کے مطابق پیرآباد سے چھ روز قبل اغوا ہونے والی پانچ سال کی بچی کی لاش اسی علاقے سے برآمد کی گئی ہے۔بچی کو گھر کے باہر سے نامعلوم افراد اغوا کرکے لے گئے تھے۔بچی کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو کردی گئی تھی تاہم پولیس بچی کی بازیابی اورملزمان کی گرفتاری میں ناکام رہی۔ اس عرصے میں ورثاء اپنے طورپر شہرکے مختلف علاقوں میں مغوی بچی کی تلاش میں خاک چھانتے رہے، لیکن جب وہ ملی تو مردہ حالت میں اوروہ بھی اپنے ہی محلے کے ایک گھر سے۔ رات گئے بچی کی لاش ملنے کے بعد اسے اسپتال منتقل کردیاگیا۔ ایم ایل او عباسی شہید اسپتال یاسمین قمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کردی۔ان کاکہنا ہے کہ بچی کو چھ روز تک نہ صرف بھوکا رکھا گیا بلکہ اس پرتشددبھی کیاگیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیاہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم ابھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔