16 مارچ ، 2024
بینکوں کے نمائندے بن کر جعلی کالیں کرکے کھاتے داروں سے بھاری رقوم نکالنے والے ملزمان کے 3 رکنی گروہ کو ایف آئی اے سائبرکرائم کے عملے نےکراچی کے علاقےگلشن اقبال سےگرفتار کرلیا۔
غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث جنریشن 96 نامی کال سینٹر پر چھاپہ چھان بین کے بعد مارا گیا۔گرفتار ملزمان میں عبدالحمید، شاہان افضل اور نعمان علی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ملزمان خود کو بینک نمائندہ ظاہر کرکے جعلی کال کرتے تھے، ملزمان مذکورہ کالز کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے تھے۔
ملزمان جعل سازی سے صارفین کے ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کرکے غلط استعمال کرتے تھے۔ ملزمان جعل سازی سے حاصل کردہ ڈیبٹ کارڈ کو ہوائی ٹکٹ خریدنے اور ہوٹل کی بکنگ کے لیے بھی استعمال کرتے تھے۔
ملزمان مذکورہ کارڈ سے مقامی اور بین الاقوامی طلباء کے لیے داخلہ فیس بھی ادا کرتے تھے۔ملزمان جائیداد کی خریداری سمیت مختلف لین دین کے لیے بھی شہریوں کے ڈیبٹ کارڈ کا استعمال کرتے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان دھوکہ دہی سے گاہکوں کو مختلف مصنوعات کی خریداری پر بھی آمادہ کرتے تھے، ملزمان نے جعلی ویب سائٹس بھی بنا رکھی تھیں۔
ملزمان کی جانب سے پیسے وصول ہونےکے باوجود پراڈکٹ ڈیلیور نہیں کی جاتیں تھیں۔
ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔