26 فروری ، 2012
گلگت…عطا آباد جھیل کے نئے اسپل وے کے عارضی بند کو کل دھماکے سے تباہ کیاجائے گا،ہنزہ نگر میں ہائی الرٹ ہے جبکہ ملحقہ آبادی کی محفوظ مقامات پرمنتقلی جاری ہے۔کمشنر ہزارہ ڈویژن کا کہناہے کہ اسپل وے کھولنے سے دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اسپل وے کو کھولنے سے جھیل سے50ہزارکیوسک سے زائد پانی کے اخراج کاامکان ہے جس سے دریائے ہنزہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔جس کے پیش نظرضلع ہنزہ نگر میں ہائی الرٹ کردیاگیاہے اور ضلع کے14نشیبی دیہات کے مکینوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔جس کے بعد لوگ محفوظ مقام پر ہورہے ہیں۔ضلع میں دفعہ144 نافذکرکے تعلیمی ادارے بنداورسرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔جبکہ گلگت دیامراورکوہستان کے اضلاع سمیت تربیلا ڈیم کی انتظامیہ کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔ادھرکمشنرہزارہ ڈویژن خالد عمر زئی کاکہناہے کہ عطا آباد جھیل اسپل وے کھلنے سے دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے۔ضلع کوہستان ،بٹ گرام،مانسہرہ ،تور غر اور ہری پور میں دریا کے کنارے آباد لوگ پیر کے روزاحتیاط کریں اورمحفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔