Time 21 مارچ ، 2024
دنیا

سعودیہ کا فلسطین کیلئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کو 40 ملین ڈالر امداد دینے کا اعلان

سعودی عرب کی جانب سے یہ اعلان اقوام متحدہ کی ایجنسی کو فنڈز کی کمی پیش آنے کے بعد کیا گیا ہے: میڈیا رپورٹس/ فوٹو رائٹرز
سعودی عرب کی جانب سے یہ اعلان اقوام متحدہ کی ایجنسی کو فنڈز کی کمی پیش آنے کے بعد کیا گیا ہے: میڈیا رپورٹس/ فوٹو رائٹرز

ریاض: سعودی عرب نے فلسطین کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انروا) کو 40 ملین ڈالرز امداد دینے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی امدادی ادارے کنگ سلمان ہیومینٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر نے اعلان کیا ہےکہ وہ غزہ میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کے لیے کھانا اور 20 ہزار فیملیز کے لیے ٹینٹ فراہم کرے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے یہ اعلان اقوام متحدہ کی ایجنسی کو فنڈز کی کمی پیش آنے کے بعد کیا گیا ہے جب کہ کئی مغربی ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کی فنڈنگ روک دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ کئی عالمی امدادی گروپوں نے ایک خط پر دستخط کیے ہیں جس میں یورپی ملکوں سے اقوام متحدہ کے امدادی ادارہ برائے فلسطین کے لیے امداد بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اسرائیلی حملوں میں مزید 100 فلسطینی شہید

دوسری جانب غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کو خالی کرنے کی وارننگ جاری کردی ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے الشفا میں پناہ لینے والے بے گھر لوگوں کو خبردار کیا ہےکہ وہ فوری طور پر الشفا میڈیکل کمپلیکس کو خالی کردیں بصورت دیگر اس پربمباری کی جائے گی۔

ادھر اسرائیلی فوج نے سینٹرل غزہ کے نصیرت کیمپ میں ایک گھر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 9 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ شمالی ساحلی پٹی کی طرف ایک رہائشی بلڈنگ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

مزید خبریں :