Time 22 مارچ ، 2024
جرائم

کراچی میں ڈکیتی وارداتوں کے دوران بچے سمیت مزید دو شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

سہراب گوٹھ کے علاقے جونیجو کالونی میں ڈاکو کی فائرنگ سے 8 سالہ بچہ اسرار جاں بحق ہوگیا جبکہ بچے کا چچا 20 سالہ عباس زخمی ہوگیا: پولیس— فوٹو: فائل
سہراب گوٹھ کے علاقے جونیجو کالونی میں ڈاکو کی فائرنگ سے 8 سالہ بچہ اسرار جاں بحق ہوگیا جبکہ بچے کا چچا 20 سالہ عباس زخمی ہوگیا: پولیس— فوٹو: فائل

کراچی میں  ڈکیتی کی مختلف وارداتوں کے دوران بچے سمیت مزید دو شہری جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق کراچی میں سہراب گوٹھ کے علاقے جونیجو کالونی میں ڈاکو کی فائرنگ سے 8 سالہ بچہ اسرار جاں بحق  جبکہ بچے کا چچا 20 سالہ عباس زخمی ہوگیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمقتول کے اہل خانہ نے  بتایا کہ 2 ڈاکوؤں کا آپس میں جھگڑا ہو رہا تھا اس دوران ایک نے فائرنگ کی جس کی زد میں آکر گلی میں بیٹھا ہوا 8 سالہ اسرار جاں بحق اور عباس زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائرنگ کرنے والے ڈاکو کا پیچھا کیا گیا اور سہراب گوٹھ ندی کے قریب ڈاکو سے مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو مارا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت نصراللہ عرف روغ لیوانے سے ہوئی، نصراللہ عرف روغ لیوانے پر  10 مقدمات درج ہیں۔

دوسری جانب ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق منگھو پیر کے علاقے میں اسنیپ چیکنگ کے دوران ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث دانش، عبدالرحمان، علی اور علی رضا نامی 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، موبائل فون اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی، ملزمان نے منگھو پیر، نیو کراچی اورنارتھ کراچی میں دکانوں میں لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

مزید خبریں :