26 فروری ، 2012
کراچی…حکومت سندھ نے معروف بزنس مین ستیش آنند کے اغواء میں ملوث القاعدہ کے مبینہ گرفتار رکن میجر ہارون کو پنجاب سے سندھ منتقل کرنے کی درخواست کردی۔محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق القاعدہ کے مبینہ رکن میجر ہارون کی سندھ منتقلی کے لئے سیکریٹری داخلہ پنجاب کو خط لکھ دیا گیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ میجر ہارون اس وقت پنجاب میں مختلف ہائی پروفائل مقدمات میں عدالتی کارروائی کا سامنا کررہا ہے، ان مقدمات کے علاوہ ملزم میجر ہارون سندھ میں معروف تاجر ستیش آنند کے اغواء میں بھی ملوث ہے اس لئے اس کو سندھ کی جیل منتقل کیا جائے تاکہ یہاں پر تحقیقات کے بعد عدالتی کارروائی کے لئے ملزم کو پیش کیا جاسکے۔وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے سندھ اسمبلی کے ممبران کو بینظیربھٹو قتل کیس کی رپورٹ پربریفنگ کے دوران میجر ہارون کی ستیش آنند کے اغواء میں ملوث ہونے کی نشاندہی بھی کی تھی۔انہو ں نے بتایا تھاکہ میجر ہارون کے القاعدہ سے رابطوں کی تصدیق ہوئی ہے۔