دبئی دنیا کی پہلی فلائنگ ٹیکسی سروس شروع کرنے کیلئے تیار

کمپنی کی تیار کردہ فلائنگ کار / اے ایف پی فوٹو
کمپنی کی تیار کردہ فلائنگ کار / اے ایف پی فوٹو

دبئی میں بہت کچھ ایسا ہے جو دنیا میں کہیں دیکھنے میں نہیں آتا۔

اب متحدہ عرب امارات کے اس شہر میں دنیا کی پہلی فلائنگ ٹیکسی سروس بھی شروع ہونے والی ہے۔

امریکا سے تعلق رکھنے والی کمپنی جوبی ایوی ایشن کی جانب سے دبئی میں فلائنگ ٹیکسی سروس شروع کی جائے گی۔

امریکی کمپنی نے اس مقصد کے لیے رواں سال کے شروع میں متحدہ عرب امارات سے شراکت داری کا اعلان بھی کیا تھا۔

اس حوالے سے کمپنی کی صدر Bonny Simi نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ دنیا کے کسی بھی خطے کے مقابلے میں دبئی نے اس حوالے سے سب سے زیادہ پیشرفت کی ہے اور اسی لیے ہم اپنی سروس کا آغاز وہاں سے کریں گے۔

کمپنی کی جانب سے 2025 میں ابتدائی آپریشن شروع کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے جبکہ کمرشل سروس 2025 کے آخر تک صارفین کو دستیاب ہوگی۔

Bonny Simi نے بتایا کہ دبئی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے معاشی تعاون بھی کیا جائےگا جبکہ ریگولیٹرز کی جانب سے سروس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دبئی انتظامیہ کے تعاون کی وجہ سے ہمیں سروس کے آغاز پر مالی نقصان کا خطرہ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر 4 ایسی گاڑیاں استعمال کیا جائے گا جو کسی ہیلی کاپٹر کی طرح ٹیک آف اور لینڈ کر سکیں۔

دبئی میں گاڑیوں کے لینڈنگ مقامات دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ، برج خلیفہ اور پام جمیرہ وغیرہ ہوں گے۔

مزید خبریں :