26 فروری ، 2012
بہاولپور … سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نعروں سے کبھی ملکی مسائل حل نہیں ہوتے ، قوم کو سبز باغ دکھانے والوں کا برا حشر ہو گا، امریکی قرارداد پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، امریکا پہلے آزادی کا تقاضا کرنے والی اپنی 6 ریاستوں کو آزادی و خود مختاری دے۔ سربراہ جے یو آئی (ف)مولانا فضل الرحمان بہاولپور میں اسلام زندہ باد کانفرنس کے عنوان سے جلسے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست میں قوم کوصرف نعرے دیئے گئے جن سے کبھی ملکی مسائل حل نہیں ہوتے، ملک مسائل سے دوچار ہے تاہم قوم کو سبز باغ دکھانے والوں کا حشر برا ہو گا ، ہم ایک غلامی سے دوسری غلامی کی طرف چلے گئے ہیں۔ انہوں نے امریکی قرار داد کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی 6 ریاستیں بھی آزادی کا تقاضا کررہی ہیں، امریکا پہلے اپنی ان ریاستوں کو آزادی و خود مختاری دے، امریکا 2001ء سے لے کر 2011ء تک جنگی جرائم کا مرتکب رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ملک کی آزاد خارجہ پالیسی موجود نہیں، ہم پچھلی کئی دہائیوں سے خارجہ پالیسی درآمد کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے فیصلے سے پہلے نیٹو سپلائی بحال کرنا قوم کی توہین ہے، ملک اس وقت مشکل اور تشویشناک حالات سے گزر رہا ہے۔