28 مارچ ، 2024
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ کراچی میں آئی ٹی کلاسز لینے والے طالب علموں کی آمدنی شروع ہو گئی ہے اور انہوں نے ڈالرز میں کمانا شروع کردیا ہے۔
حیدرآباد پریس کلب میں ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی اور عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اعلان کیا کہ حیدرآباد میں آئی ٹی یونیورسٹی قائم کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے فیز میں ٹیسٹ کے بعد 50 ہزار بچوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی)، آٹومیشن سمیت دیگر کورسز مفت میں کروائے جائیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کے سامنے آئی ٹی کے ڈاکو لارہا ہوں، آئی ٹی والا ڈاکو کچے کے ڈاکو کو کھا جائےگا۔
انہوں نےکچے کے ڈاکوؤں کو پیشکش بھی دے دی کہ اسلحہ چھوڑیں اور گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کورس کرنے آجائيں، ڈاکو خود بھی آئيں اور اپنے بچوں کو بھی لائيں، مستقبل روشن بنائيں، روشن مستقبل کے لیے بچوں کو کچے کا ماہر نہیں آئی ٹی کا ماہر بنائيں۔
واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی کی طرح صوبے کے دیگر شہروں میں بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کورس کی کلاسیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا تھا کہ' میں اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں کہ کراچی میں آئی ٹی کلاسز لینے والے طالب علموں کی آمدنی شروع ہو گئی ہے اور انہوں نے ڈالرز میں کمانا شروع کردیا ہے'۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اب حیدرآباد،میر پور خاص،نواب شاہ، مٹھی، سکھر اور لاڑکانہ کے نوجوان ہوجائیں تیار کیونکہ آئی ٹی کلاسیں ان کے شہر میں شروع ہونے جارہی ہیں۔