Time 30 مارچ ، 2024
پاکستان

حلف نہ اٹھانے پر سینیٹ انتخابات ملتوی کرنیکی دھمکی قوانین کی خلاف ورزی ہے: بیرسٹر سیف

اسمبلی اجلاس بلانا اسپیکرکی صوابدید ہے، ہمیں کوئی ڈکٹیشن نہیں دے سکتا، اسمبلی اجلاس جب بھی بلایا گیا اس میں اراکین حلف اٹھالیں گے: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا/فوٹوفائل
اسمبلی اجلاس بلانا اسپیکرکی صوابدید ہے، ہمیں کوئی ڈکٹیشن نہیں دے سکتا، اسمبلی اجلاس جب بھی بلایا گیا اس میں اراکین حلف اٹھالیں گے: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا/فوٹوفائل

 وزیر اعلیٰ خیبر  پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ حلف نہ اٹھانے پر الیکشن کمیشن کی سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کی دھمکی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ایک بیان میں مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ آئین مخصوص مدت میں انتخابات کرانے کا پابند بناتا ہے، الیکشن کمیشن دھمکیوں کے بجائے اس حوالے سے حکم جاری کرے، اگر الیکشن کمیشن نے ایسا کوئی حکم جاری کیا تو اسے عدالت میں چیلنج کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ حلف نہ اٹھانے پر الیکشن کمیشن کی سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کی دھمکی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ 

بیرسٹر محمد علی سیف نے مزید کہا کہ اسمبلی اجلاس بلانا اسپیکر کی صوابدید ہے، ہمیں کوئی ڈکٹیشن نہیں دے سکتا، اسمبلی اجلاس جب بھی بلایا گیا اس میں اراکین حلف اٹھالیں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا حکومت کو خبردار کیا تھا کہ اگر مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لیا گیا تو کمیشن صوبے میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور ہوگا۔

بعد ازاں پشاور ہائیکورٹ نے بھی کے پی حکومت کو مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لینے کی ہدایت کی تھی تاہم خیبرپختونخوا حکومت نے مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کا حلف لینے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون خیبرپختونخوا آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف نہیں لیا جائے گا، سینیٹ انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق آج صوبائی کابینہ کی مشاورت ہوگی، ہوسکتا ہے کہ سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے معاملے پر بھی عدالت سے رجوع کیا جائے۔


مزید خبریں :