Time 13 اپریل ، 2024
پاکستان

بہاولنگر واقعہ پر سوشل میڈیا پر اداروں میں ٹکراؤ کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی: آئی جی پنجاب

بہاولنگر واقعہ کے حوالے سے انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ پولیس کا مورال وہ بنیاد ہے جس سے ہم دہشت گردوں، ڈاکوؤں سےلڑتے ہیں،  بہاولنگر واقعہ پر سوشل میڈیا پر اداروں میں ٹکراؤ کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ دونوں اداروں نے مشترکہ طور پر اس کا فوری ایکشن لیا، آرپی او بہاولپور اور آرمی کی مقامی کمانڈ نے علاقے کا دورہ کیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملک دشمن کالعدم تنظیم اداروں میں ٹکراؤ کا تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، مایوسی پھیلانےکیلئے  پرانی ویڈیوز کو بھی سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشنز کے ایس اوپی فالو نہ کرنے کے باعث واقعہ پیش آیا، دونوں اداروں نے مل کر معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کیا،  آئی ایس پی آر کے مطابق جوائنٹ انوسٹی گیشن انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے، انکوائری کے دوران قانون کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور فورس کے درمیان فیملی جیسے رشتے کو توڑنے کی ناکام کوشش کی گئی، فورس پر لازم ہے سوشل میڈیا ٹرولنگ یا غیر ضروری تنقید پر کان نہ دھرے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق پنجاب حکومت نے بھی واقعہ کے ذمہ داران کے تعین کیلئے انکوائری کمیٹی بنا دی ہے ، انکوائری کمیٹی میں مسلح افواج، پنجاب پولیس اور سول حکام شامل ہیں۔

 اس کے علاوہ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پولیس نے میانوالی، ڈی جی خان ، جڑانوالہ ہر جگہ وطن دشمنوں کے عزائم ناکام بنائے، ملک وقوم کی خدمت اور حفاظت پولیس کا نصب العین ہے۔

مزید خبریں :