13 اپریل ، 2024
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے اسٹریٹ کرائم کے ملزم کی درخواست ضمانت مستردکرنےکے تحریری فیصلے میں کہا ہےکہ وقت آگیا ہےکہ کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز اور چھینےگئے موبائل فون خریدنے والے نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کی عدالت نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم عمران اور چھینے گئے موبائل فون کا کاروبار کرنے والے ملزم عبید کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ گزشتہ تین ماہ میں محض 19 اسٹریٹ کرمنلز کو سزائیں ہوسکیں جو جرائم کی شرح کے لحاظ سے کافی نہیں ہے۔
عدالت نے کہا کہ ایک طرف اسٹریٹ کرمنلز معمولی مزاحمت پر معصوم شہریوں کی جان لے لیتے ہیں اور دوسری جانب چھینے گئے موبائل فون خریدنے والے جرائم پیشہ عناصر کو بچا رہے ہیں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہےکہ اسٹریٹ کرمنلز اور چھینےگئے موبائل فون خریدنے والے دکان داروں کے نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔