14 اپریل ، 2024
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ادارے میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیوں کی فہرست طلب کر لی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چئیرمین محسن نقوی نے بورڈ میں سیاسی اور سفارشی بھرتیوں کی فہرست کے علاوہ ملازمین کی موجودہ پوسٹنگ، عہدہ اور تنخواہ کی تفصیلات بھی طلب کر لیں، قواعد و ضوابط کے بغیر بھرتی ہونے والوں کی تعلیمی اسناد کو بھی چیک کرایا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر ملازمین کا ریکارڈ مرتب کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور اگلے ہفتے اس حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں، اس سلسلے میں پی سی بی میں رائٹ مین فار رائٹ جاب کے فارمولے پر عمل کیا جائے گا اور لابنگ یا سفارشی کلچر کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی ادارے میں اسمارٹ ٹیم اور اسمارٹ آپریشنز کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔