بارشوں کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہونے سے سابق پاکستانی کرکٹرز دبئی میں پھنس گئے

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

دبئی میں بارشوں کے باعث فلائٹ  آپریشن متاثر ہونے کی وجہ سے پاکستان کے سابق کرکٹرز بھی ائیرپورٹ پر پھنس گئے۔

فلائٹس متاثر ہونے سے کامران اکمل، مصباح الحق، عمرگل ،عبدالرزاق دبئی میں موجود ہیں۔

پاکستان کے سابق کرکٹرز کی دبئی میں بارشوں کی وجہ سے فلائٹ مزید تاخیر کا شکار ہوگئی، دبئی سے آج روانہ ہونے والی فلائٹ بھی منسوخ کردی گئی ہے۔

چاروں سابق پاکستانی کھلاڑی کل دوپہر ایک بجے سے دبئی ائیرپورٹ پر موجود ہیں ،کھلاڑیوں سمیت تمام مسافروں کو اب کل صبح فلائٹ کا کہا گیا ہے۔

شیڈول کےمطابق پلیئرز کو بدھ کی شام چار بجےدبئی سے ہیوسٹن روانہ ہونا تھا، 2009 ورلڈ کپ فاتح اسکواڈ کے پلیئرزکو امریکا میں نمائشی میچ،فنڈ ریزنگ میں حصہ لینا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے خلیجی ائیرلائن کے رویے پر ناراض ہوتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہم سے بورڈنگ کا کہا گیا پھر دو گھنٹے بعد فلائٹ منسوخ کردی، لوگ گھنٹوں بچوں کے ساتھ قطاروں میں کھڑے تھے، ہمیں انتظار کرتے 30 گھنٹوں سے زائد وقت ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال کا اندازہ ہے لیکن اگر ایماندارانہ جواب نہ ملے تو  پھر غصہ آتا ہے۔

واضح رہےکہ دبئی، شارجہ اور ابوظبی سمیت متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں طوفانی بارشوں سے 75 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

مزید خبریں :