Time 30 اپریل ، 2024
پاکستان

عدت میں نکاح کیس: سزاؤں کیخلاف اپیلیں سننے والے جج پرخاور مانیکا کا اعتراض مسترد

آئندہ سماعت پر خاور مانیکا کے وکیل نے دلائل نہ دیے تو سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا جائے گا: عدالت کا حکم— فوٹو:فائل
آئندہ سماعت پر خاور مانیکا کے وکیل نے دلائل نہ دیے تو سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا جائے گا: عدالت کا حکم— فوٹو:فائل

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں میں خاور مانیکا کی عدالت پر عدم اعتماد کی درخواست مسترد کردی۔ 

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ شکایت کنندہ خاور مانیکا نے سیشن جج شاہ رخ ارجمند پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور  استدعا کی کہ کیس کسی اور عدالت میں ٹرانسفر کیا جائے۔

جج شاہ رخ ارجمند نے پوچھاکہ آپ نے کیسے سوچ لیا کہ عدالت کسی کی ہمدردی میں چلی گئی ہے؟ آپ نے اور میں نے قبرمیں جانا ہے، میری حد تک کیا مسئلہ ہے بتا دیں؟ اس پر خاور مانیکا نے کہا کہ پورے خاندان میں مشہور ہے کہ جج ملزمان کوبری کردیں گے۔ 

پی ٹی آئی وکیل سلمان اکرم نے کہاکہ ایک جملے پر کیس ٹرانسفر کرنے کا کہنا توہین عدالت میں آتا ہے، جسٹس بابر ستار نے عدم اعتماد کی درخواست پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ 

دوران سماعت پی ٹی آئی وکلا اور خاور مانیکا کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ جج شاہ رخ ارجمند نے عدم اعتماد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعدازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے خاور مانیکا کی عدالت پر عدم اعتماد کی درخواست مسترد کردی۔ 

عدالت نے کیس کی سماعت 8 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر خاور مانیکا کے وکیل نے دلائل نہ دیے تو اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

مزید خبریں :