01 فروری ، 2013
کراچی …کراچی کی عدالت نے ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں دوبارہ گرفتار کیے گئے ملزم اجمل پہاڑی کو 13فروری تک عدالتی تحویل میں جیل بھیجنے کا حکم دیاہے۔لیاقت آباد پولیس نے اجمل پہاڑی کو جوڈیشل مجسٹریٹ سینٹرل فداحسین عباسی کی عدالت میں پیش کیا۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو جوہرآباد پولیس نے گرفتار کیا جس نے دوران تفتیش 2004میں لیاقت آباد میں اسلم چور نامی شخص کے قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف کیاہے۔تفتیشی افسر کی استدعا پر گزشتہ روز عدالت نے مزید تفتیش کیلئے ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیاتھا۔جبکہ جمعے کے روز ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت نے اجمل پہاڑی کو 13 فروری تک عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا۔اجمل پہاڑی کو تھانہ بلال کالونی کی حدود میں نامعلوم شخص کے قتل کے مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ سینٹرل انوار اللہ صدیقی نے گزشتہ روز 8 فروری تک جیل بھیجنے کا حکم جاری کیاتھا۔ جبکہ دوران سماعت اجمل پہاڑی نے عدالت کو بتایا کہ اسے 17یا 18جنوری کو جیل سے خفیہ ایجنسی کے لوگ آنکھو ں پر پٹی باندھ کر ساتھ لے گئے۔اُس کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتا کس قتل کے مقدمے میں گرفتاری ظاہر کی گئی ہے۔