01 فروری ، 2013
کراچی … ہمارے ملک میں گھریلو صارفین ماچس کی تیلی بچانے کیلئے چولہا جلتا چھوڑ دیتے ہیں، گیس کے اس بے دریغ استعمال پر اسٹیٹ بینک بھی بول اٹھا، بینک کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے گیس نرخ میں اضافہ انتہائی ضروری ہے۔ اسٹیٹ بینک نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں 77فیصد گھرانوں کے پاس گیس کنکشن موجود ہی نہیں، جن 23 فیصد گھرانوں کے پاس یہ سستی سہولت ہے وہ گیس کے ضیاع کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بجلی کے آلات میں عوام معیار کا خیال کرتے ہیں تاکہ بجلی کم خرچ ہو لیکن گیس سستی ہونے کی وجہ سے ایسے ناقص گیزر یا ہیٹر خرید لئے جاتے ہیں جو گیس ضائع کرتے ہیں، استعمال ہوجانے کے بعد بھی لوگ ان گیزر یا ہیٹر کو بند کرنا پسند نہیں کرتے۔ گیس سستی ہونے کے باعث بجلی کے جنریٹرز میں بھی ان کا بے دریغ استعمال جاری ہے۔ اسٹیٹ بینک نے تجویز پیش کی ہے کہ زیادہ تر شہروں میں رہنے والے ان 23 فیصد گھرانوں کیلئے گیس خاطر خواہ مہنگی کی جانا انتہائی ضروری ہوگیا ہے۔