پاکستان
01 فروری ، 2013

کارگل آپریشن کا صرف 4 افراد کو پتہ تھا، راجا ظفر الحق

کارگل آپریشن کا صرف 4 افراد کو پتہ تھا، راجا ظفر الحق

اسلام آباد … پاکستان مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجا ظفر الحق نے کہا ہے کہ کارگل آپریشن کا صرف 4 افراد کو پتہ تھا، پرویز مشرف نے میاں نواز شریف کو تنہائی میں درخواست کی تھی کہ کارگل جنگ بند کرادیں ورنہ بہت سبکی ہوگی، سینیٹر اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ جب پرویز مشرف بریفنگ دے رہے تھے تو ان کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں، اقتدار میں آکر کارگل پر جوڈیشل کمیشن بنائیں گے۔ پنجاب ہاوٴس اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کے دوران مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجا ظفر الحق نے کہا کہ پرویز مشرف نے کارگل آپریشن شروع کیا تو 4 افراد کے سوا کسی کو معلوم نہیں تھا، وزیر خارجہ، وزیر امور کشمیر، سیکریٹری دفاع بھی کارگل آپریشن سے لاعلم تھے، جولائی میں پرویز مشرف نے وزیراعظم ہاوٴس میں بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے ہماری 32 چوکیوں پر قبضہ کرلیا ہے اور وہ مزید چوکیوں پر بھی قبضہ کرسکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں راجا ظفر الحق نے کہا کہ میثاق جمہوریت میں طے ہوا تھا کہ ٹروتھ اینڈ ری کنسیلی ایشن کمیشن قائم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کارگل جنگ کے بعد احساس ہوا کہ آرمی کیلئے یہ بات باعث بدنامی نہ بنے، اس لئے ہم محتاط ہوگئے تھے۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ کارگل واقعے پر پرویز مشرف کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے تھی، اقتدار میں آکر نہ صرف کارگل بلکہ پاکستان میں رونما ہونے والے تمام اہم واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنائیں گے۔

مزید خبریں :