Time 14 جون ، 2024
دلچسپ و عجیب

یونان میں 4 ہزار سال پرانی پراسرار عمارت دریافت

یونان میں 4 ہزار سال پرانی پراسرار عمارت دریافت
یہ وہ عمارت ہے / اے پی فوٹو

یونان میں 4 ہزار سال پرانی پتھروں سے بنی پراسرار عمارت دریافت کی گئی ہے جس نے ماہرین کے ذہنوں کو الجھا دیا ہے۔

یونان کی وزارت ثقافت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس عمارت کو سیاحتی جزیرے کریٹ میں ایک پہاڑی کے اوپر دریافت کی گئی۔

بیان کے مطابق یہ بہت دلچسپ دریافت ہے اور یہ عمارت کریٹ کی مینوسی تہذیب سے تعلق رکھتی ہے۔

یہ تہذیب محلات، آرٹ اور رمزی تحریری نظام کی وجہ سے جانی جاتی ہے۔

1800 اسکوائر میٹر رقبے پر پھیلی یہ عمارت اوپر سے گاڑی کے بڑے پہیے کی طرح نظر آتی ہے اور اسے حال ہی میں کھدائی کے دوران دریافت کیا گیا۔

Kastelli نامی قصبے کے قریب زیرتعمیر ایک نئے ائیرپورٹ کے لیے ریڈار اسٹیشن کی تعمیر اس مقام پر ہونی تھی جہاں یہ عمارت دریافت ہوئی۔

یونان میں 4 ہزار سال پرانی پراسرار عمارت دریافت
ماہرین کے خیال میں یہ عمارت مینوسی تہذیب سے تعلق رکھتی ہے / اے پی فوٹو

یہ ائیرپورٹ 2027 میں کھولا جائے گا اور یونان کا دوسرا بڑا ائیرپورٹ بن جائے گا۔

ماہرین آثار قدیمہ ابھی تک یہ نہیں جان سکے کہ پہاڑی کے اوپر موجود اس اسٹرکچر کو کس لیے تعمیر کیا گیا تھا، کیونکہ اس سے پہلے وہاں مینوسی تہذیب کے کوئی آثار دریافت نہیں ہوئے تھے۔

ان کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر اس عمارت کو مذہبی تقاریب کے لیے استعمال کیا جاتا ہوگا۔

وزارت ثقافت کے بیان میں بتایا گیا کہ عمارت کے اندر بڑی تعداد میں جانوروں کی ہڈیاں دریافت کی گئی ہیں۔

بیان کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ اسے مختلف تقاریب کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ عمارت کا حجم، تعمیراتی انداز اور دیگر پہلوؤں کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس تعمیر کے لیے کافی بڑی تعداد میں مزدوروں کی ضرورت پڑی ہوگی اور اپنے عہد میں پورے علاقے میں نمایاں نظر آتی ہوگی۔

وزارت ثقافت کا کہنا تھا کہ یہ عمارت 2 ہزار سے 1700 قبل مسیح میں استعمال کی جاتی ہوگی۔

مزید خبریں :